انسان جب آزمائشوں میں کامیاب ہوتا ہے تو نعمت خداوندی ملتی ہے،مولانا نوید افروز
مولانا نوید افروز کو بزم کی جانب سے ’’ مصباح الحجاز ‘‘ خطاب دیا گیا ، اعترافِ خدمات و وداعی تقریب سے علماء اور اکابرین ملت کا خطاب
امین انصاری۔ جدہ
کسی بھی دُنیاوی مشکل یا حالت پر غم نہیں کرنا چاہئے اسلئے کہ صبر کرنے والوں کے ساتھ اللہ کی مدد ہوتی ہے ۔صبر کے ساتھ شکر کرنے سے خشیت الٰہی حاصل ہوتی ہے ، خشیت الٰہی بغیر اطاعت ِخداندی بھی نہ ہو کیونکہ اُس سے ڈرنے سے گناہوں سے اجتناب کی توفیق ہوتی ہے اور اطاعت الٰہی سے قربِ خداوندی نصیب ہوتا ہے ۔ انسان جب خداوند ِقدوس کی آزمائشوں میں کامیاب ہوتا ہے تو نعمت خداوندی ملتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا حافظ و قاری محمد نوید افروز نوید ،بانی وصدر بزم طلبائے قدیم ومحبان جامعہ نظامیہ جدہ نے بزم کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ اعتراف خدمات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
حضرت سید عماد الدین احمد قادری معظم نے جلسہ کی صدارت کی ۔ مولانا حافظ و قاری محمد عبدالسلا م عزیز انواری معتمد بزم نے قرأت کلام پاک پیش کی۔ حافظ و قاری محمد سلیم قادری ،محمد امین الدین انصاری اور سید احمد رضانے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ بزم کے معتمد نشرواشاعت مولانا حافظ محمد نظام الدین غوری صوفی قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور ساتھ ہی بزم اور دارالعلم کا تعارف پیش کیا اور بزم کی 25 سالہ خدمات کے اعتراف میں مولانا نوید افروز کو بزم کی جانب سے ’’ مصباح الحجاز ‘‘ خطاب دیئے جانے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ خطاب حیدرآباد میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرکے مفکر اسلام مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کے ہاتھوں دیا جائے گا ۔
صدر جلسہ حضرت سید عماد الدین قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مولانا نوید افروز ہردلعزیز شخصیت ہیں جو ہر نئے پُرانے شخص سے پورے جوش و خروش سے ملاقات کرتے ہیں اور اُمت مسلمہ کے نوجوانوں کو بے راہ روی سے روکنے کیلئے جہدِ مسلسل کررہے ہیں ۔
مولانا حافظ محمد عبدالسلام عزیز نے کہا کہ مولانا نوید افروز زمانہ طالبعلمی سے نعتیہ و منقبتی شاعری میں منفرد انداز رکھتے ہیں اور جامعہ نظامیہ سے اٹوٹ محبت رکھتے ہیں ۔جامعہ کی خدمت کیلئے ہروقت فکر مند رہتے ہیں ۔
مولانا سید شاہ خلیل اللہ بشیر اویس بخاری نے کہا کہ انبیاء کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور اب اللہ سے جوڑنے کا کام اِس اُمت کے علماء و صلحاء انجام دے رہے ہیں اور اِسی کام کی انجام دہی میں مولانا نوید افروز مصروف ہیں ۔
مولانا محمد حیدر علی خان نے کہا کہ جامعہ نظامیہ میں پرنٹنگ پریس کے قیام کا جو کارنامہ مولانا نوید افروز نے انجام دیا وہ نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ یادگار ہے ۔ قاری اعجاز صابری صاحب معتمد تعلیمی کمیٹی بزم نے کہا کہ مولانا نوید افروز ایک فعال،ہمہ گیر اور ہشت پہلو شخصیت ہے ۔ مولانا نوید افروز ایک بہترین شاعر بھی ہیں اور شاعری اُنہیں ورثہ میں ملی ہے ۔
یوسف الدین امجد جنرل سیکریٹری بزم اتحاد جدہ نے کہا کہ مولانا نوید افروز سے ملاقات کے بعد ہم نے جامعہ نظامیہ کو جانا اور پہچانا ۔ حسن بایزید اڈوائزر بزم اتحاد جدہ نے کہا کہ مولانا نوید افروز اُردو کے بہترین اُستاد ہیں۔ اِنکی علمی صلاحیتوں کی وجہ سے یہ جہاں بھی رہیں متحرک رہیں گے ۔
محترم شمیم کوثر ٹرسٹی خاکِ طیبہ ٹرسٹ نے کہا کہ مولانا نوید افروز دریائے علم ہیں۔ وہ جب کبھی بات کرتے ہیں تو لفظ موتی بن کر بکھرتے ہیں اور بڑے سے بڑے مسئلہ کو بہت ہی اچھے انداز میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ مولانا نوید افروز نے جامعہ نظامیہ کے نام کو سرزمین حجاز میں بہت ہی بہترین انداز میں متعارف کروایا اور باضابطہ لوگوں کو اُسکی خدمات سے واقف کرواکر جامعہ نظامیہ کی موجودگی کو نعمت غیر مترقبہ ہونے کا ثبوت دیا ۔
راقم الحروف نے کہا کہ مولانا نوید افروز کا علماء و اکابرینِ قوم کے استقبال کا جو معاملہ ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ عام طور پر علمائے کرام کو لوگ نظر انداز کرتے ہیں لیکن حج اور عمرہ پر آنے والے علمائے کرام کے اعزاز میں محافل سجاکر اُنکے ارشادات اور خیالات سے اہل جدہ کو مستفیض کروانے کا سہرا مولانا نوید افروز کے سر ہے ۔
عاصم الدین انصاری رکن بزم اتحاد جد ہ نے کہا کہ مولانا نوید افروز نے جدہ میں جو خدمات انجام دئیے ہیں وہ کسی فردِ واحد کا کا م نہیں بلکہ ایک انجمن کا کام نظر آتا ہے ۔محمد خالد حسین مدنی نائب صدر نور ایجوکیشنل سوسائٹی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جس بندے سے راضی ہوجاتا ہے اس سے دین کی خدمت لیتا ہے ۔مولانا نوید افروز کی دینی و ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی ۔ حافظ و قاری محمد سلیم قادری نے اپنا منظوم خراج تحسین پیش کیا جبکہ مولانا سید خلیل اللہ بشیرکے لکھے گئے منظوم اشعار کو سید احمد رضا نے اپنی آواز میں پیش کرکے داد حاصل کی ۔
اس موقع پر محمد ابراہیم، کارگزار صدر اُردو اکیڈیمی جدہ ،سید لیاقت علی خان اُردو اکیڈیمی ،خالد حسین مدنی نائب صدر نور ایجوکیشنل سوسائٹی ، محمد یوسف وحید ایکزیکیٹو سیکریٹری نور ایجوکیشنل اور محمد امین انصاری نے مولانا نوید افروز کو گلدستے پیش کرکے انہیں خراج پیش کیا ۔ محمد عبدالعلی شعیب صدر یوتھ کمیٹی بزم ‘ محمد عمر مسعود صابری نائب صدر یوتھ کمیٹی ‘ سید صابر حسین صابری معتمد یوتھ کمیٹی ‘ محمد لائق علی پاشاہ ‘ محمد عقیل صابری ‘محمد مسیح الدین کلیم صابری نائب صدر تعلیمی کمیٹی بزم‘ سید کلیم اللہ صدیق قادری اور سید عبدالشکور قادری عمر‘ محمد مبین صابری نے انتظامات میں بھرپور حصہ لے کر تقریب کو کامیاب بنایا ۔