حیدرآباد پین اینڈپیلیٹیوکیئر ٹرسٹ مریضوں میں جینے کی نئی امنگ دیتا ہے ،میر محمود علی
ٹرسٹ کے عہدیداران کی مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کے ذمہ داران سے ملاقات،ایس اے ھدیٰ اوردیگر اراکین کی شمولیت
جدہ (امین انصاری ) حیدرآباد پین اینڈپیلیٹیوکیئر ٹرسٹ کے عہدیداران اور اراکین کی ٹیم نے مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کے پی آ ر پی سی ایس سنٹر کے ذمہ داران سے حیدرآباد دکن کے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی ۔پین اینڈ پیلیٹیو کے چیئرمین میر محمود علی نے بتایا کہ حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیوکیئر ٹرسٹ لاعلاج ، یا موذی بیماریوں میں مبتلا ہوکر خاندان اور معاشرے کی نظر سے دور کئے گئے مریضوںتک پہنچتا ہے اور انکا علاج کرتا ہے ۔ ایسے مریضوں کو خاندان والے لاعلاج سمجھ کر موت کے منہ کے دہانے پر پہنچا کر انکے مرنے کا انتظار کرتے ہیں ۔ حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹو سینٹر ایسے مریضوں میں جینے کی نئی امنگ دیتا ہے اور انہیں اپنے مرض سے لڑنے کا حوصلے دلاتا ہے ۔ ان مریضوں کے افراد خاندان کو انکی نگہداشت کا طریقہ کار بہتر ڈاکٹرز اور نرسوں کی نگرانی میں بتایا جاتا ہے اور کوئی مریض بہت ہی نازک حالت میں ہوتا ہے تو اسے پیلیٹیو کیئر ٹرسٹ اپنی ایمبولینس کے ذریعے مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کے پی آر پی سی ایس یونٹ میں داخل کرواتا ہے جہاں انکی مکمل نگہداشت ڈاکٹروں اور نرسوں کے درمیان کی جاتی ہے۔ گزشتہ روز کمیونٹی کی چندمعروف شخصیات نے ٹرسٹ سے جڑنے کا عہد کیا ۔ جس میں آندھراپردیش کے سابق ڈپٹی جنرل آف پولیس ایس اے ھدیٰ، دبئی میں مقیم سید ضیاءالرحمن ،ریاض کے ڈاکٹر اشرف ، سابق این آر آئی اے آر سلیم ، روبی چینل کے آصف علی ، سید تقی الدین اور جدہ کے منور علی خان شامل ہیں ۔ ان احباب نے اپنے بیان میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو زندگی سے مایوس ہونے والے مریضوں میں زندگی کی رعنائیاں بکھیر رہی ہے ۔ جدہ میں مقیم ٹرسٹ کے ذمہ دار مرزا قدرت نوازبیگ نے بتایا کہ 2016 ءمیں آفس کی بنیاد ڈال کر ایک ڈاکٹر ، دو نرسز ،کیئرٹیکر اور ایمبولینس کے ذریعے کام شروع ہوچکا ہے تاہم فروری 2018ءمیں ٹرسٹ نے باضابطہ ہاسپائس کیئر سنٹر کی عمارت کا سنگ بنیاد ریاست تلنگانہ کے ہیلتھ منسٹر کے ہاتھوں رکھا گیا ۔ بہت جلد اسکی تعمیر مکمل کی جائے گی ۔ فی الحال ہم ہوم سروسز دے رہے ہیں اور مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کے تعاون سے کمودنی ہاسپائس میں ہمیں صرف 5 بیڈ مریضوں کو داخل کرنے کیلئے ملے ہیں جس پر ہم کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرسٹ کا جب اپنا ہاسپائس بن جائے گا تو ہم زیادہ سے زیادہ مریضوں کی خدمت کرسکیں گے ۔