زندہ دلان کے شہر میں ایک بار پھر کرکٹ
لاہور: پی ایس ایل تھری کا پلے آف میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان شروع ہو گیا۔ پی ایس ایل 2 کی فائنلسٹ ٹیمیں لاہور ہی کے میدان میں ایک بار پھر مد مقابل ہیں ۔ دونوں ٹیمیں آپس میں تو کرکٹ کھیل رہی ہیں جبکہ موسم ٹیموں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہا ہے۔ انتہائی دلفریب موسم کی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن بارش کے باعث تماشائی چوکے چھکے دیکھنے سے محروم نظر آرہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں میچ 5-5اوورز یا پھر رن ریٹ پر جا سکتا ہے ، فیصلہ ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ پر بھی ہو سکتا ہے ۔جیتنے والی ٹیم21مارچ کو دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی۔ پی ایس ایل کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑی بھی پرجوش نظر آرہے ہیں۔ کمنٹیٹر ایلن وِلکنز اور ڈیرن گنگا نے لاہور کی تاریخی عمارتوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیجنڈ بلے باز ماجد خان سے خصوصی ملاقات کی اور اسے اپنے لیے باعث شرف قرار دیا۔ادھر ٹیم کوئٹہ کے مینٹور ویوین رچڑدز نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بار بیگم کو ساتھ لائے ہیں جو پاکستان کے محفوظ ہونے کا ثبوت ہے۔ ویوین رچرڈز نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل فائنل اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹر ہی جیتے گی۔