اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گیا
دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 3کے فائنل میں پہنچ گیا۔ کراچی کنگز کو باآسانی 8وکٹوں سے ہرا دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر نیوزی لینڈ کے لیوک روئنچی نے 39گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔عماد وسیم کی جگہ کراچی کنگز کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4وکٹوں کے نقصان پر 154رنز بنائے۔جو ڈینلی نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 51رنز بنائے جبکہ خرم منظور اور بابر اعظم ناکام رہے۔ مورگن نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم وہ 21 رنز بناسکے ۔ کولن انگرام نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے6چھکوں کی مددسے 68رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ شاہد آفریدی نے 5گیندوں پر 4رنز بنائے۔محمد سمیع نے 2وکٹیں حاصل کیں۔115رنز کے ہدف کے حصول کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 12.3اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ مصباح الحق کے زخمی ہونے کے باعث جین پال ڈومینی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔اوپنر روئنچی نے کراچی کنگز کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ۔انہوں نے39گیندوں پر5چھکے اور 12چوکے لگاکر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔صاحبزادہ فرحان 29رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ دوسرے آوٹ ہونے والے ایلکس ہیلز نے 2چوکوں کی مددسے 14رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 25مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز کو فائنل میں پہنچنے کیلئے 21مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک اور موقع ملے گا۔