Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم پاکستان ہمیں مسلسل عمل اور تجدید عہد کا پیغام دیتا ہے ، مرزا الطاف حسین

 مملکت میں مقیم ہم وطنو ں کے مسائل کےلئے وزیر اعلی پنجاب نے او پی سی قائم کی ، جدہ اور ریاض کےلئے ممبرمقرر کئے ہیں ،صدر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کا یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے مرکزی صدر مرزا الطاف حسین نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں عمل اور تجدید وفا کا پیغام دیتا ہے ۔ ہماری حکومت نے وطن کی ترقی کےلئے مثالی کارہائے نمایاں انجام دیئے جن سے اغیار پریشان ہیں ۔ بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کی فلاح و بہبود مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیح رہی ۔ یوم پاکستان کے موقع پر مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرزا الطاف نے مزید کہاوزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے بیرون ملک خاص کر سعودی عرب میں رہنے والوں کےلئے او ورسیز پاکستانیز کونسل قائم کی ہے جو بیرون ملک رہنے والوں کے وطن عزیز میں مسائل کو فوری طورپر حل کرواتی ہے ۔ وزیر اعلی کی خصوصی ہدایات پر جدہ اور ریاض کےلئے 10,10 ممبران کا اعلان کیا گیا ہے۔ مدینہ منورہ اور تبوک میں بھی ممبران کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔ مقرر کئے جانے والے ممبران یہاں رہنے والوں کے مسائل کے حل کےلئے پاکستان میں متعلقہ اداروں کو مطلع کرکے انہیں اپنی سفارشات ارسال کریں گے ۔ مرزا الطاف حسین نے مزید کہامسلم لیگ کی حکومت نے وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا ۔ 4 برس قبل ملک کے طول و عرض میںعوام لوڈ شیڈنگ سے شدید پریشان تھے اب ان کی پریشانی ختم ہو چکی ہے ۔ میاں نواز شریف کی حکومت نے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے سڑکوں کا جال بچھایا کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار ٹرانسپورٹ سسٹم پر ہو تا ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ( ن) کے سینئر رہنما ملک محی الدین نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ نے پاکستان آزاد کروایا تھا اور مسلم لیگ ( ن) ہی وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کی ضامن ہے ۔ میاں نواز شریف کو ماضی میں ایٹمی دھماکہ کرنے پر جلا وطنی کی سزا دی گئی اب ہماری قیادت کو تعمیر وطن کی سزا دی جارہی ہے ۔ملک دشمن قوتیں یہ نہیں چاہتی تھیں کہ پاکستان ترقی کرے مگر مسلم لیگ کے قائد نے تمام مخالفتوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا جو پاکستان میں خوشحالی لانے کا اہم سبب بنے گا ۔ (ن) لیگ کے چوہدری شہباز حسین نے کہا ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ ہم نے وطن عزیز کو کیا دیا جبکہ پاکستان نے ہمیں اقوام عالم میں مثالی شناخت دی ۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں ہمیں اس عظیم وطن کی بقا اور استحکام کےلئے ہر قسم کے اختلافات کو ختم کرتے ہوئے صرف اجتماعیت کو فروغ دینا ہو گا تاکہ اقوام عالم میں مثالی قوم کے طور پر اپنی مثالی شناخت کو تسلیم کروائیں ۔ ( ن) لیگ جدہ ریجن کے صدر سیٹھ عابد نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا آزادی ایک انمول نعمت ہے اس کی قدر جسے جاننی ہو وہ کشمیری ماﺅں ، بہنوں اور بیٹیوں سے پوچھے جو ہر لمحہ ہندوﺅں کے مظالم کا شکار ہوتی ہیں ۔ ہمیں اس پر شکرادا کرنا چاہئے کہ ہم آزاد قوم ہیں جس کی دنیا میں مثالی شناخت ہے ۔ عالمی اردو مرکز کے حامداسلام حامد نے کہا پاکستان ہماری پہچان ہے اگر پاکستان نہیں تو ہم بھی نہیں ہمیں اپنی بقا کےلئے ملکر کام کرنا ہوگا ۔ تقریب سے نور محمد آرائیں ، فاروق انجم، راجہ ظفر ، انجینیئر اقبال خٹک نے بھی خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کی ۔ مرزا الطاف حسین نے او پی سی کے لئے جدہ سے منتخب ہونے والے ممبران جن میں ملک محی الدین ، انجینیئر چوہدری شہباز حسین ، نور محمد آرائیں ، محمد اسماعیل ، عمر فیاض کو تعیناتی اسناد دیں ۔ 

شیئر: