پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے،سعودی بھائیوں نے ہمیشہ پاکستان اور کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، مہمان خصوصی مقصود اعوان
الخبر:پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کے زیر انتظام یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد مقامی ریستوران میں کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی ،کشمیر فورم،آئی ای پی، ڈاکٹر فورم، ینگ پروفیشلنرز فورم،بزم طلبہ اور تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے نمائندہ گان نے بھر پور شرکت کی۔ پینٹگ کے مقابلے میں بچوں میں انعامات دئیے گئے جبکہ تمام مقررین کو پاکستان فورم کی جانب سے یادگاری تحائف بھی دیے گئے۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا ۔ یہ سعادت حاصل ڈاکٹر سفیان منور نے حاصل کی۔نعت رسول مقبول کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے احسان احمد کو بلایا گیا۔پروگرام کی نظامت بخوبی ادا کرتے ہوئے نیر حفیظ الرحمان نے صدر پاکستان فورم پروفیسر محمد وحید اسلم کوا سٹیج پرآنے کی دعوت دی ۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق مشیر صدر آزاد کشمیر اور سیون اسٹار انڈسٹریز کے مالک مقصود اعوان تھے۔فورم کے سرپرست اعلی اور نائب صدر سید راشد ترمذی اور چوھدری محمد صدیق بھی اسٹیج پر موجود تھے ۔ تقریب کے پہلے مقرر انجینیئر رضوان احمد نے اپنے پر مغز اور طویل مقالے میں سر سید احمد خان کی تحریک پاکستان کی کاوشوں سے لیکر قرار داد پاکستان تک کا لازوال قربانیوں کا سفر تاریخی حوالوں سے پیش کیا۔انہوں نے اس عزم کی تجدید بھی کی کہ لا الہ الا اللہ کی مکمل تعبیر کے حصول تک ہماری جد وجہد جاری و ساری رہے گے۔
نوجوان طالب علم عثمان وحید اسلم نے میرا پاکستان کیسا ھو نا چاہیے کے عنوان کے تحت نوجوانوں کی ترجمانی کی۔پاکستان انٹرنیشنل ا سکول الخبر کے بچوں نے فرحان نصیر راجہ کی سر براہی میں ملی نغمہ سنا کر سامعین کا دل گرمایا اور داد پائی ۔میاں غلام مرتضی نے کہا کہ دیار حبیب میں قومی تہوار منانے کی روایت پاکستان فورم کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ ان تقریبات میں تمام مکاتب فکر کے نمائندگان کی بھر پور شرکت نمایاں ہوتی ہے۔
مہمان خصوصی مقصود اعوان نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے۔سعودی بھائیوں نے ہمیشہ پاکستان اور کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے۔ اسی طرح ہمیں بھی ان کے قوانین و ضوابط کا احترام کرنا بہت ضروری ہے۔
عدنان ظہیر خواجہ نے پاکستان فورم کی سماجی اور کمیونٹی کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور اس بات پر زور دیاکہ پاکستان کے آئندہ انتخابات میں با کردار اور با صلاحیت قیادت کو آگے لانے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کوکردار ادا کرنا ہوگا۔
سید شاکر عبدالوہاب اور انجینیر اسعد فخر الدین کی ٹیم نے حاضرین سے سوالات اور انعامات تقسیم کئے۔
صدر پاکستان فورم پروفیسر محمد وحید اسلم نے ایک بھر پور پریزینٹیشن کے ذریعے تحریک پاکستان سے قرار داد پاکستان کے طویل سفر اور قربانیوں کی داستان کو مختصر دورانیہ میں بڑی خوبصورتی سے پیش کیا ۔
آخر میں نیر حفیظ نے مصوری کے مقابلے میں جیتنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ مہمان خصوصی مقصود اعوان نے ان میں انعامات تقسیم کئے۔ صدر پاکستان فورم نے تمام مقررین میں یادگاری تحائف تقسیم کئے۔نائب صدر فورم چوہدری محمد صدیق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
قومی تقریب میں عمائدین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی جن میںڈاکٹر قاضی مختار احمد، ڈاکٹر وجاہت حسین ،پیرزادہ ڈاکڑ محمد اشرف نون،پرنسپل اور وائس پرنسپل پاکستانی اسکول الخبر پروفیسر سرفراز حسین، پروفیسر افتخار احمد ،انجینیئر انعام جاوید، انجینیئر رضوان احمد، سید ذوالفقار علی شاہ، مرزا اظہر لطیف ،میاں غلام مرتضی، عدنان ظہیر خواجہ اور دیگر شامل تھے۔
مزید پڑھیں:- - - - - -یوم پاکستان ہمیں مسلسل عمل اور تجدید عہد کا پیغام دیتا ہے ، مرزا الطاف حسین