لندن.... مقامی ڈائٹیشن اور ماہر تغذیہ وینیسا ریسیٹو نے کہا ہے کہ دنیا کی مختلف نعمتوں میں سے ایک نعمت روغنیات یا چربی بھی ہے جو مختلف اشیائے خورونوش میں رہتی ہے اور اس چربی کو اچھی چربی کہا جاتا ہے مگر اس چربی کے حصول کیلئے حد سے زیادہ دہی، انڈے اور ایواکاڈو کا استعمال نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ انکا کہناہے کہ ایواکاڈو کی زیادہ مقدار وزن بڑھاتی ہے اور شریانیں تنگ کرتی ہے۔ امریکی محکمہ صحت نے اشیائے خورونوش کے بارے میں جو ہدایت نامے جاری کئے ہیں اس میں کہا گیا ہے کہ لوگ جتنی کیلوریز استعمال کرتے ہیں اس کا 20تا 35فیصد حصہ ہی انکے کام آسکتا ہے۔ اس سے زیادہ کی چیزیں نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وزن اورمٹاپا کم کرنے کیلئے مشہور سیلیبریٹی ”کم کردیشن“ خاص قسم کی ڈائٹ استعمال کررہی ہیں جسے کیٹو جینٹ ڈائٹ کہا جاتا ہے جس میں روغنیات جم کر کھانے اور چاول اور روٹی دونوں سے پرہیز کرنے کے اصولوں کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ گوشت کی زیادہ مقدار بھی اچھی ہوسکتی ہے بشرطیکہ انہیں گھی یا مکھن میں تیار کیا جائے۔ ان تمام فوائد کے باوجود ان تمام چیزوں کو اعتدال میں رہ کر کھانا چاہئے۔