حسین حقانی کی واپسی کیلئے اقدامات سے مطمئن نہیں،چیف جسٹس
اسلام آباد... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے میمو گیٹ کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ حسین حقانی یقین دہانی کرانے کے باوجود ملک سے بھاگ گیا۔ یہ عدالت کی عزت کا سوال ہے۔ حسین حقانی کو پاکستان لانے سے متعلق حکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں۔ حکومتی رپورٹس عدالت کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کے مترادف ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے میمو گیٹ اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہے حسین حقانی؟ بتایاجائے واپس لانے کے لئے کیا پیشرفت ہوئی ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہاکہ وزارت خارجہ اور خزانہ کو خطوط لکھے ہیں ۔ کارروائی کی جا رہی ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ لمبا نہیں ہوتا جارہا ۔ وزارت خارجہ کی کیا حدود ہیں ، بتایا جائے؟ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے سے دستاویزات آر ہی ہیں۔چیف جسٹس نے کل تک تمام دستاویزات پوری کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔