طائف.... وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ طائف ریجن میں بلدیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے ا زالے کے خلاف متعدد افراد بلدیہ کے مرکزی دفتر کے باہر جمع ہوگئے۔جنہیں منتشر ہونے کے لئے کہا گیا۔ جب انہوں نے جانے سے انکار کیا تو 32افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ منصور الترکی کا کہناتھا کہ یہ لوگ شفاءروڈ پر حکومتی زمین پر غیر قانونی طور پر ریسٹ ہاﺅس بنائے ہوئے تھے جنہیں بلدیہ نے منہدم کرنے کیلئے نوٹس بھی جاری کئے تھے۔ اس ضمن میں بلدیہ نے جب ریسٹ ہاﺅس کو منہدم کرنے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے کارروائی کی توان لوگوںنے بلدیہ کے دفتر کا گھیراﺅ کرلیا۔ تمام گرفتار شدگان سعودی ہیں جن کے خلاف مقدمہ دائر کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔