ہندوستان کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے،پروفیسر اختر الواسع
نئی دہلی - - - - ممتاز دانشورپدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسراخترالواسع کی علمی وسماجی شعبوں میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز نے ساتویں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف انجینیئرنگ کے آڈیٹوریم میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی نے ایوارڈ پیش کیا ۔ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبدا للہ کے ہاتھوں اسکرول پیش کیا گیا جبکہ آئی او ایس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد نے ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا ۔آئی او ایس کی ساتویں ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر محمدمنظور عالم نے کہاکہ انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کی جانب سے شاہ ولی اللہ ایوارڈ کے بعد لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کا سلسلہ شروع کرنے کا مقصد قوم وملت کی خاطر نمایاں کارنامہ انجام دینے والوں کااعتراف کرناہے۔ فاروق عبد اللہ نے ریسرچ اور تحقیقی میدان میں نمایاں کام کرنے پر انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم اور دیگر ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے پروفیسر اختر الواسع کو بھی ایوار ڈ سے سرفراز کئے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر انہوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان اپنی تباہی کیلئے خود ذمہ دار ہیں کیونکہ دین پر عمل کرنا انہوں نے چھوڑ دیا ہے ۔ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد نے آئی او ایس کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے بین المذاہب مذاکرات پر کام کرنے کیلئے توجہ مبذول کرائی ۔ جسٹس اے ایم احمدی نے اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر اختر الواسع کو اس باوقار ایوارڈ سے سرفراز کئے جانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ ملک وملت کی نمایاں خدمت ہے ۔ پروفیسر اختر الواسع نے کہاکہ میری زندگی میں مجھے اللہ تعالیٰ نے مجھے عزت سے نوازا۔ انہو ںنے اس ایوارڈ کو اپنی والدہ اور رفیقہ حیات سے معنون کیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہمیں مسلمانوں کی نہیں ہندوستان کی فکر ہے ۔ہندوستان کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے اوراس کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ ہم مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔تقریب میں پروفیسر اختر الواسع کی حیات وخدمات پر مشتمل 20 منٹ کی ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی ۔