روڈیشیا کا سن رسیدہ ٹری کینگرو دل کی بیماری سے ہلاک
برویڈز، روڈز آئی لینڈ..... روڈیشیا کا معمر ترین ٹری کینگرو امراض قلب کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق پال نامی کینگرو کی اس نسل سے تعلق رکھتا تھا جو عام کینگروکی طرح زیادہ وقت زمین پر نہیں گزارتے بلکہ درختوں پر رہنا پسند کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس کی موت راجر ولیمز پارک زو میں ہوئی اور موت کے وقت اسکی عمر 23سال5ماہ اور 5دن تھی۔ چڑیاگھر کے عملے کے مطابق ایسے کینگرو ز کی عمر طبعی 15سال کے لگ بھگ ہوتی ہے اور یہ حیرت انگیز طور پر23سال کا ہوگیا تھا۔ چڑیا گھر کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جیریمی گڈمین کا کہناتھا کہ پال کی طویل العمری کا راز اس محبت اور شفقت میں مضمر ہے جو اسکے مداح اور چڑیا گھر کی انتظامیہ سالہا سال سے اسے عطا کرتی رہی ہے۔ پال کی پیدائش 1994 ء میں ہوئی تھی اور 1997ء میں اسے راجر ولیمز پارک میں لایا گیا تھا۔ جہاں وہ حال ہی میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا تھا کیونکہ مختلف امراض اوربالخصوص دل کے امراض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے وہ محدود ہوکر رہ گیا تھا۔ ماہرین کا کہناہے کہ ٹری کینگروز نایا ب اور تیزی سے کمیاب جانوروں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا میں انکی زیادہ سے زیادہ تعداد 3ہزار کے لگ بھگ ہوگی۔