Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرا میچ بھی ہرا دیا

کراچی :پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ ساز بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر 3میچوں کی سیریز بھی فیصلہ کن برتری کے ساتھ 1-2سے اپنے نام کرلی ، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3وکٹوں کے نقصان پرپاکستان نے 205رنز بنائے جو اس فارمیٹ میں اس کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے ، جوابی بیٹنگ میں مہمان ٹیم 19.2 اوورز میں 123رنز بنا سکی اور82رنز سے ہار گئی ۔ پاکستانی اوپنر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کو آغاز ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب 11کے مجموعی اسکور پرفخرزمان 6رنز بنا کر ریاض امرت کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ان کے بعد آنے والے حسین طلعت نے بابر اعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 119رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔دونوں نے وکٹ کے چاروں طرف آزادانہ شاٹس کھیلتے ہوئے نصف سنچریاں مکمل کیں اور ٹیم کے 100 رنز 66گیندوں پر بنائے ان میں صرف ایک فاضل رن تھا۔ حسین طلعت 41گیندوںپر ایک چھکے اور8چوکوں کی مدد سے 63رنز بنا کر آوٹ ہوئے انہیں اوڈین اسمتھ نے کپتان جیسن محمد کی مدد سے پویلین بھیجا اور ٹی ٹوئنٹی میں اپنی پہلی وکٹ لی۔ آصف صرف14رنز بنا سکے جبکہ شعیب ملک 17رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ بابر اعظم نے 58گیندوں97رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن 3رنز کی کمی سے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری مکمل نہ کرسکے۔انہوں نے ایک چھکا اور13چوکے لگائے۔ویسٹ انڈین بولر میں ریاض امرت سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور ان کے4اوورز میں47رنز بنے، وہ ایک وکٹ لے سکے ، اسی طرح کیسیرک ولیمز نے43 اور اوڈین اسمتھ نے40رنز دے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ویسٹ انڈین ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں ابتداءہی سے دباو کا شکار رہی اور اس کے بیٹسمین کسی مرحلے پر کھل کر نہیں کھیل پائے جس کے نتیجے میں رن ریٹ بھی بڑھتا چلا گیا ۔ اوپنر چیڈوک والٹن نے جارحانہ بیٹنگ کی کوشش کی اور 29گیندوں پر 40رنز بنائے ۔ دنیش رامدین 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کے 17ویں اوور میں 100رنز مکمل ہوئے 5وکٹیں گر چکی تھیں ،5وکٹیں23رنز کے اضافے پر گرگئیں ۔ مہمان ٹیم19.2اوورز میں123رنز بنا کر لوٹ گئی۔محمد عامر نے3، شاداب خان اور حسین طلعت نے2-2 جبکہ حسن علی اورمحمد نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

شیئر: