دسویں کلاس کا پیپر دوبارہ نہیں ہوگا
نئی دہلی ۔۔۔۔ سی بی ایس ای کے دسویں کلاس کے ریاضی کا پیپر دوبارہ نہیں ہوگا۔ یہ اطلاع انسانی وسائل و ترقیات کی وزارت میں اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری انل سوروپ نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر دی۔ سوروپ نے بتایا کہ ہائی اسکول کے ریاضی کا امتحان دہلی اور ہریانہ میں دوبارہ نہیں لیا جائیگا۔ واضح ہو کہ پیپر لیک ہونے کی خبریں گزشتہ دنوں سامنے آنے پر سی بی ایس ای بورڈ نے کہا تھا کہ وہ ان کی تحقیقات کرانے کے بعد کوئی فیصلہ کریگا۔ابتدائی تحقیقات اور طلبہ کے مفادات کے پیش نظر امتحان دوبارہ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ دنوں سی بی ایس ای کے 12ویں کے اکنامکس کے پیپر لیک ہونے پر 4ٹیچرز کو گرفتار کیا گیا تھا اور سی بی ایس ای کے افسر کے ایس رانا کو معطل کردیا گیا تھا۔ انسانی وسائل و ترقیات کی وزارت نے پیپر لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے داخلی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ۔