باتھ روم کی صفائی ، خاتون خانہ کا سلیقہ
کہتے ہیں کہ خاتون خانہ کا سلیقہ دیکھنا ہو تو باتھ روم کی صفائی دیکھ لیں ۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین اپنے باتھ روم کو چمکتا دمکتا دیکھنا چاہتی ہیں ۔ باتھ روم کی صفائی کوئی مشکل کام نہیں ۔ تھوڑی سی توجہ اور سلیقے کے ساتھ باتھ روم کو صاف ستھرا رکھا جا سکتا ہے ۔
شیشے کی دیواروں کو صاف رکھنے اور ان کی چمک دمک بحال رکھنے کے لئے مناسب صفائی اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ باتھ روم میں اگر شیشے کی دیواریں ہوں تو ان پر صابن کے نشانات پڑ جاتے ہیں اور اکثر پانی گرنے کے باعث وہ دھندلی ہو جاتی ہیں ۔ ان دیواروں کو ہفتے میں ایک بار سفید سرکے سے صاف کرلیں ۔ شیشہ ہمیشہ چمکتا رہے گا ۔
باتھ روم میں لگے آئینے کو صاف کرنے کے لیے ہیئر اسپرے کر کے اخبار سے صاف کردیں داغ اور پانی کے نشان دور ہوجائیں گے ۔
باتھ روم کی فٹنگ یا نالیاں گندی ہو جانے کی صورت میں انہیں چمکانے کے لئے چار کھانے کے چمچ واشنگ سوڈا لیں اور اس میں تھوڑا سا مٹی کا تیل ملا کر گاڑھی لیس بنا لیں ۔ اسے فٹنگ پر لگا کر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں اور پھر کپڑے سے صاف کرلیں فٹنگ چمک اٹھے گی ۔
شاور پر سے صابن اور پانی کے داغ دھبے صاف کرنے کے لئے ایک نرم کپڑے کو سفید سرکہ میں بھگو کر شاور پر رگڑیں شاور چمک اٹھے گا .