بال قدرت کا حسین تحفہ ہیں جنہیں تھوڑی سی توجہ کے ذریعے مزید حسین بنایا جا سکتا ہے جبکہ تھوڑی سی غفلت اور کوتاہی بالوں کو بے رونق ، بے جان اور روکھے پن کا شکار کر دیتی ہے ۔ روکھے اور بے رونق بال آپکی شخصیت کو متاثر کرتے ہیں ۔ بالوں کی خوبصورتی کے لئے اکثر افراد مہنگی پراڈکٹس کا استعمال کرتے ہیں لیکن ان میں موجود کیمیکلز کے سائیڈ افیکٹس بالوں کو مزید متاثر کرتے ہیں ۔ متوازن غذا کے استعمال اور چند قدرتی اجزا کو بالوں پر لگانے سے بالوں کے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے .
انڈہ اور دہی بائیو ٹین سے بھرپور اجزاء ہیں لہٰذا ان اجزاء کو ہیر وٹامن کہا جا سکتا ہے ۔ یہ ایک پرانا اور آزمودہ نسخہ ہے اور ہر قسم کی جلد کے لیے بہترین ہے ۔ آدھی پیالی دہی میں انڈہ شامل کرکے بالوں پر لگائیں 30 منٹ لگا رہنے دیں اور پھر بال شیمپو کرلیں ۔ اس سے بال نہ صرف نرم و ملائم ہوجائیں گے بلکہ ان کے والیم میں بھی اضافہ ہوگا ۔
کیلا ایک بہت ہی بہترین پھل ہے جو جسمانی ذہنی اور جذباتی صحت کے ساتھ ساتھ بالوں کی صحت میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔ ایک کیلا چمچ کی مدد سے پیس کر اس میں بادام یا ایواکاڈو کے تیل کے دو چمچ ملا لیں ۔ اس مکسچر کو بالوں پر اچھی طرح لگائیں اور 20 سے 25 منٹ بعد بال شیمپو کرلیں ۔
ایواکاڈو میں وہ تمام اجزاء موجود ہیں جن کو جلدی صحت کے لیے ضروری قرار دیا جاسکتا ہے ۔ ایواکاڈو وٹامن ای اور فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہونے کے باعث بالوں کی صحت کے لئے نہایت مفید ہے ۔ اسے پیس کر دو چمچ ناریل کا تیل مکس کر کے گیلے بالوں پر نرمی سے لگائیں اور 30 منٹ بعد دھو کر شمپو کرلیں . اس سے بال نرم و ملائم اور چمکدار ہو جائیں گے .