50کروڑ روپے سے بھری وین نالے میں جاگری، گاؤں والوں کی چاندی
چھتیس گڑھ ۔۔۔۔ چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پورمیں 50کروڑ روپے سے بھری کیش وین اور اس کی حفاظت پر مامور پولیس وین زبردست حادثے کا شکار ہوگئیں۔کیش وین اور پولیس کار بے قابو ہوکر نالے میں جاگر یں۔گاؤں والوں کو جب معلوم ہوا کہ نالے میں الٹنے والی گاڑی کرنسی نوٹوں سے بھری ہوئی ہے تو موقع پر بھیڑ جمع ہوگئی اور کیش وین میں بھری کرنسی پرہلہ بول دیا، حادثے میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں اور بینک ملازمین کسی طرح سے نقدی لوٹنے سے بچانے میں کامیاب ہوئے۔ یہ واقعہ رائے پور سے متصل بلودا بازار میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کیش وین اور اس کی حفاظت کیلئے آگے چلنے والی سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی تیزرفتاری کے باعث بٹکلی گاؤں کے قریب سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی اور ملکا نالے میں جاگری۔ کیش وین میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ملازمین سوارتھے جبکہ اس کی حفاظت کیلئے آگے چلنے والی کار میں چھتیس گڑھ آرمڈ فورس کے تقریباً ٰ6سیکیورٹی اہلکار سوارتھے۔واضح ہو کہ کیش وین میں 32پیٹیوں میں تقریباً50کروڑ روپے تھے جنہیں دھرم جے گڑھ کے مختلف بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں میں جمع کرنے کیلئے لے جایا جارہا تھا۔