دلت کی بارات کیلئے روڈ میپ
لکھنؤ۔۔۔۔کاس گنج کی شیتل سے شادی کرنیوالے دلت نوجوان سنجے کمار کی پریشانیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ انتظامیہ نے پہلے بارات لے جانے کیلئے ٹھاکروں کے محلوں کا نقشہ دیا لیکن اب دلہن کے نابالغ ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ واضح ہو کہ سنجے نے کاس گنج ضلع کے نظام پور گاؤں میں ٹھاکروں کے گھروں کے سامنے سے بارات لے جانے کی بات کہی تھی جس پر ضلع انتظامیہ نے کشید گی سے بچانے کیلئے 800میٹر راستے کا روڈ میپ دیا تھا ۔ ایس ایس پی پیوش شری واستو اور ضلع مجسٹریٹ آر این سنگھ کی رپورٹ میں سنجے کی دلہن کی عمر 18سال سے کم بتائی گئی ۔جس اسکول میں شیتل نے پرائمری کلاس تک تعلیم حاصل کی تھی وہاں کے ہیڈ ماسٹر کا حلف نامہ رپورٹ میں منسلک ہے جس کے مطابق دلہن کی عمر 17سال 10ماہ ہے۔ دولہا سنجے کمار کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ٹھاکروں کے کہنے پر یہ ساری پریشانیاں کھڑی کررہی ہے لیکن شادی شیتل سے ہی ہوگی ۔اگر ضروری ہوا تو میڈیکل رپورٹ بھی حاصل کرینگے ۔ یہ ایک ارینجڈ میرج ہے۔ علاقے میں ذات پات کی تفریق کو مٹانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے۔