کامن ویلتھ گیمز:پاکستان نے ہند کو فتح سے محروم کردیا
گولڈ کوسٹ:آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور ہند کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد2-2گول سے برابر ہوگیا۔ پاکستانی ٹیم نے آخری سیکنڈ ز میں دوسرا گول کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو یقینی فتح سے محروم کردیا۔ پاکستان نے ویلز کے ساتھ پہلا میچ بھی برابر کھیلا تھا۔ آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ کے ہاکی سینٹر میں کھیلے جانے والے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور دلپریت سنگھ نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک ہند کو پاکستان کے خلاف0-1 کی برتری حاصل تھی۔دوسرے کوارٹر کے آغاز پر بھی ہندوستانی ٹیم نے دباو برقرار رکھا اور ہرمن پریت سنگھ نے دوسرا گول کرکے مقابکہ0-2 کردیا۔تیسرے کوارٹر میں پاکستان کی طرف سے محمد عرفان جونیئر گول کرنے میں کامیاب ہوئے اس کے بعدپاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہو گئے ۔چوتھے کوارٹر میں بھی پاکستانی ٹیم نے جارحانہ انداز برقرار رکھا لیکن گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے لیکن میچ ختم ہونے میں صرف 10سیکنڈز باقی تھے کہ پاکستان کو ایک پنالٹی کارنر ملا تاہم ہندوستانی گول کیپر گیند کو روکنے میں کامیاب ہوگئے اور یہ سنہری موقع ضائع ہوگیا۔ خوش قسمتی سے اسی اثنا ءمیں پاکستانی ٹیم ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور مبشر علی نے آخری سیکنڈز میں گول کرکے میچ 2-2گول سے برابر کردیا۔پاکستانی ٹیم نے ہندکے خلاف ہاکی میں مسلسل 7 میچوں میں ناکامی کے بعد پہلا میچ برابر کیا ہے۔