بغیر انجن ٹرین 20کلومیٹر تک چلی گئی
بھونیشور۔۔۔۔۔ ہندوستانی ریلوے کی بڑی لاپروائی سامنے آئی ہے۔ اوڈیشہ کے ٹٹلا گڑھ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں سے بھری احمد آباد پوری ایکسپریس ٹرین انجن کے بغیر ہی پٹری پر دوڑپڑی۔ کیسنگ اسٹیشن سے بغیر انجن کے ٹرین تیزرفتاری سے چل پڑی تو پلیٹ فارم پر موجود مسافروں کے ہوش اڑ گئے۔ ٹرین میں سوار مسافروں میں کہرام مچ گیا ، لوگ ڈبوں سے باہر سر نکال کربچاؤ بچاؤ کی صدا لگا رہے تھے ۔ذرائع کے مطابق تقریباً20کلومیٹر تک یہ ٹرین بغیر انجن کے ریلوے پٹری پر دوڑتی چلی گئی۔ غنیمت رہی کہ اس دوران اس ٹریک پر کوئی دوسری ٹرین نہیں آئی، سبھی مسافر محفوظ رہے۔ محکمہ ریلوے نے اس واقعہ پر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کے 2ملازمین کو برطرف کردیااور تحقیقات کا حکم دیدیا۔واضح ہو کہ احمد آبا د پوری ایکسپریس ٹرین میں انجن کو ایک طرف سے نکال کر دوسری جانب جوڑنے کی کارروائی جاری تھی کہ اس دوران اہلکاروں سے غلطی ہوگئی اوربوگیوں میں بریک لگانا بھول گئے جس کے بعد ٹرین بغیر انجن کے دھڑدھڑاتی ہوئی اسٹیشن سے باہر چلی گئی۔