Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کا انگلینڈ سے بھی ہاکی میچ برابر

 
  گولڈ کوسٹ:آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین گروپ میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر اور علی مبشر نے ایک ،ایک گول کیا ۔انگلینڈ کی جانب سے مارک گلیگ ہورن اور سیم وارڈ نے گول کئے۔اس ایونٹ میں پاکستان کا یہ تیسرا میچ تھا اور تینوں میچ برابرکھیلنے کے بعد پاکستان کے پول میں دوسری پوزیشن کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کافی کم ہیں۔ یہ میچ میں پہلے 2کوارٹرز میں بغیر کسی گول کے برابر تھا اور دونوں ٹیموں نے زیادہ جارحانہ انداز نہیں اپنایا لیکن تیسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی کھیل میں واضح تیزی آئی۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر نے فیلڈ گول ا سکور کر کے پاکستان کو سبقت دلا دی لیکن 3منٹ بعد انگلینڈ کی جانب سے گلیگ ہورن نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے اور میچ تیز ہو گیا۔ آخری کوارٹر کے آغاز پر پاکستان نے گول کرنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا جس کا خمیازہ فوراً بھگتنا پڑا جب اگلے ہی منٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سیم وارڈ نے پینالٹی کارنر پردوسرا گول کر دیا۔ پاکستان نے میچ ختم ہونے سے 3منٹ قبل امپائر ریویو کا مطالبہ کیا جس کی مدد سے انہیں پینالٹی کارنر ملا اور علی مبشر نے گول کرکے میچ برابر کر دیا۔آخری لمحات میں انگلینڈ کی ٹیم نے گول کر دیا لیکن امپائر نے ان کی اپیل مسترد کر دی۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ 11 اپریل کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے ویلز کے خلاف 1-1 جبکہ ہندکے خلاف 2-2 سے میچ ڈرا کئے تھے۔ گرین شرٹس نے 3 میچز کھیل کر 3 پوائنٹس حاصل کئے ہیں جس کے باعث اس کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے ۔

شیئر: