کوکن کمیٹی جدہ کی طرف سے کمیونٹی کیلئے فیملی پکنک کا اہتمام
بیٹ منٹن ،لیمن اسپون،ریسنگ ،میوزیکل چیئر،کبڈی ، بیت بازی ،کھوکھو اورمہندی ڈیزائننگ کے مقابلے
امین انصاری۔ جدہ
کوکن کمیٹی جدہ نے کوکنی کمیونٹی کو مل بیٹھنے اور ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیلئے فیملی تفریحی پکنک کا اہتمام جدہ کے استراحہ میں کیا ۔ اس موقع پر کوکن کمیونٹی کی 100 سے زائد فیملیز نے شرکت کی۔کوکن کمیٹی جدہ نے بچوں ، نوجوانوں ، مردوں اور خواتین کیلئے مختلف کھیلوں کا انعقاد عمل میں لایا اور مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔مردوں اور نوجوانوں میں کرکٹ ، والی بال، بیٹ منٹن،لیمن اسپون، ریسنگ ،میوزیکل چیئر،کبڈی اور بہت سے گیمز رکھے گئے ۔اسی طرح خواتین میں ،لیمن اسپون، بیٹ منٹن ، میوزیکل چیئر ، بیت بازی ، کھوکھو ، مہندی ڈیزائننگ جیسے گیمز رکھے گئے تھے ۔ بچو ں نے ڈرائنگ اور نظم خوانی کے مقابلوں میں حصہ لیکر خوب مستی کی ۔
نماز عشاء کے بعد عالم دین مولانا قاری عباس کھوٹ سے درس قرآن اور اصلاح معاشرہ پر خطاب سنا گیا ۔بعد ازاں صدر کوکن کمیٹی اسماعیل وانگڑے نے تمام کوکنی بھائیوں کا استقبال کیا اورکمیٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا سفر زیادہ لمبا نہیں۔ ہمیں کمیٹی قائم کئے ہوئے ابھی 7سال ہوئے ہیں اور ہمارے ارادے مختصر مگر ٹھوس اقدامات کرنے کے ہیں۔
کوکن کمیٹی کے احباب نے اس موقع پر کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جو کوکن کمیٹی نے فیملیز کے ساتھ پکنک کا اہتمام کیا ۔اس سے ہمیں ایک دوسرے کے اہم خیالات سننے کو ملتے ہیں ۔ جہاں تفریح کروائی جاتی ہے وہیں معلوماتی ، تربیتی اور فٹنس کے مقابلے منعقد کرکے ہمیں کچھ دیر کیلئے روزمرہ کی مصروف زندگی سے دور لے جاتے ہیں ۔ عوام نے کوکن کمیٹی کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ جس انداز سے وطن میں کمیٹی کام انجام دے رہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ جو کام ہمارا ملی فریضہ تھا وہ کوکن کمیٹی ہم سب کی طرف سے اجتماعی طور پر کررہی ہے۔ اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم کمیٹی کے ہاتھ مضبوط کریں اورارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمیٹی کی دامے ، درمے ، سخنے ،قدمے میں مدد کریں۔
اقبال سولکر نے بتایا کہ کوکن کمیٹی جدہ ہر سال رمضان المبارک میں بڑے پیمانے پر دعوتِ افطار کا اہتمام کرتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کمیٹی کو کمیونٹی کا بھرپور تعاون حاصل ہے ۔
تفریحی پکنک کے انتظامات میںتما م اراکین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن میں عبدالغنی دیشمکھ (نائب صدر ) فیض راکھانگی ( پروجیکٹ ڈائریکٹر )،رفیق کنڈلیک( جنرل سیکریٹری )،اسلم مقدم ( ایونٹ منیجر ) ،ظفر بیگ ( خازن ) ،اکبر خان (چیف کوآرڈِینٹر)اور ایگزیکٹیو ممبران عشرت پارکر،معظم راجیواٹے،مرتضیٰ دالوی،حسین چھاگلے اور عقیل ملاجی قابل ذکر ہیں۔