عالمی تنظمیں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں، سردار خٹک
ریاض(جاوید اقبال) قائم مقام سفیر پاکستان سردار محمد خان خٹک نے کہا ہے کہ ہندوستان گزشتہ 70برس سے حریت پسند کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وقت کے ساتھ کشمیریوں کے جذبے اور عزم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ جمعہ کو سفارتخانہ پاکستان میں منائے گئے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حاضرین سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 16اپریل کے دن دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عالمی تنظیموں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔ تقریب میں سفارتخانے کے حکام کے علاوہ پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے چیئرمین ریاض جاوید خواجہ اور پاکبانوںکی بڑی تعداد موجود تھی۔ نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان نے ادا کئے۔اس موقع پر جامع محمد بن سعود کے پروفیسر عبدالعزیز عسکر نے کہا کہ عالم اسلام میں مسائل کی طویل فہرست ہے۔ دعا ہے کہ ہمارے حکمرانوں کو ان مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی توفیق ملے۔ پروفیسر ڈاکٹر زید ملک نے عربی میں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ندیم بھٹی ، خالد اکرم رانا، محمد خالد رانا، ریاض راٹھور اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔