سینیٹ میں ہنگامہ ،متحدہ اپوزیشن کا واک آوٹ
اسلام آباد... صدر مملکت کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم کے 4 صدارتی آرڈیننس جاری کرنے پر متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ میں ہنگامہ اور ایوان سے واک آوٹ کردیا ۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ وزیراعظم نے ان آرڈ ننس کی کابینہ سے منظوری نہیں لی ۔ یہ مشرف حکومت سے بھی بدتر اقدام ہے۔ رضا ربانی نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رولز کے تحت کابینہ سے اس کی منظوری لینا لازمی ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بائی پاس کیا ۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ اگر کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی تو یہ کام غیر آئینی ہے ۔ ایوان کے تقدس کو مجروح کیا گیا ، یہ ایوان کی توہین ہے۔ ایمنسٹی سکیم کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہیے ۔کابینہ سے بھی منظوری نہیں لی گئی۔ رانا محمد افضل نے کہا کہ کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا گیا نہ پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستانی واپس آکر پاکستان میں تجارت کرنا چاہتے ہیں اگر انہیں ایمنسٹی ا سکیم کے تحت تجارت کی اجازت دیں تو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔