موٹاپا بہت سی بیماریوں کا سبب بنتا ہے . وزن کا بڑھنا آج کی دنیا کا ایک اہم طبی مسئلہ بنا ہوا ہے . ترقی یافتہ ممالک میں ایک تہائی اور ترقی پذیر ممالک میں ہر دس میں سے ایک فرد موٹاپے کا شکار ہے . اگر موٹاپے کی وجوہات پر غور کیا جائے تو کھانے پینے میں بے اعتدالی ، فاسٹ فوڈ کا زیادہ رجحان ، ورزش اور متحرک رہنے میں عدم دلچسپی ، سستی و کاہلی اور موٹاپے کے خطرناک اثرات سے عدم آگاہی موٹاپے کی اہم وجوہات ہیں . یہی سبب ہے کہ دنیا بھر میں طبی ماہرین موٹاپے کو کنٹرول کرنے کو اہم قرار دیتے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق کھانے پینے میں اعتدال اور روزانہ ہلکی پھلکی ورزش کے ساتھ سبز چائے کا استعمال وزن گھٹانے کے لئے بہترین ہے . امریکی ماہرین صحت کے مطابق سبز چائے کے استعمال سے موٹاپے کو قابو کرنے میں نمایاں مدد حاصل کی جاسکتی ہے . سبز چائے اضافی کیلوریز کو تیزی سے جلانے میں مدد دیتی ہے . یہ ذائقے میں بھی اچھی ہے اور صحت کے لیے مفید مشروب ہے . موٹاپے پر قابو پانے کے لیے روزانہ دو کپ سبز چائے کا استعمال بہترین ہے۔
وزن گھٹانے کے علاوہ سبز چائے دیگر مسائل حل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے . یہ فوڈ پوائزننگ اور دانتوں میں بننے والے بیکٹیریا سے بچنے میں مدد دیتی ہے . جدید تحقیق کے مطابق سبز چائے کاروزمرہ استعمال منہ کے کینسر سے بھی بچاتا ہے . سبزچائے میں موجود کیمیائی عناصر جسم میں الرجی کا سبب بننے والے بنیادی خلیات کا راستہ روک دیتے ہیں لہذا سبز چاۓ الرجی کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے . یہ قوت مدافعت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ وبائی موسمی امراض سے بھی بچاتی ہے . بچوں کو دانتوں کے امراض سے بچانے اور منہ سے آنے والی ناگوار مہک کو دور کرنے کے لئے بھی سبز چائے کا استعمال بہترین ہے .