ٹرمپ نے ذاتی وکیل کے دفتر پر چھاپوں کو ملک پر حملہ قرار دےدیا
واشنگٹن.... امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ان کے ذاتی وکیل کے دفتر پر چھاپوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے ملک پر حملہ قرار دیدیا ہے۔اسٹورمی ڈینیلیز کے وکیل مائیکل ایوانٹی کا کہنا تھا کہ مائیکل کوہن کے دفتراورگھر پر چھاپہ بہت سنجیدہ بات ہے۔ایف بی آئی نے پیر کے روز صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن کے دفتر گھر اور ہوٹل پر چھاپے مارے اور اس کی تلاشی بھی لی۔ ایف بی آئی حکام نے اداکارہ اسٹورمی ڈینیلز کو رقم کی ادائیگی کے حوالے سے دستاویزات کو قبضے میں لیا ہے۔مائیکل کوہن کے وکیل اسٹیفن ریان نے ان چھاپوں کو غیر مناسب اور غیر ضروری قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدامات اسلئے بھی غلط ہیں کیونکہ مائیکل کوہن نے تمام سرکاری اداروں کےساتھ مکمل طور پر تعاون کیا ہے۔مائیکل کوہن کی جانب سے 2016 میں سٹورمی ڈینیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیئے جانے کے اعتراف کے بعد سے وہ شدید عوامی تنقید کی زد میں ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ا±نہیں رقم دیئے جانے کا علم نہیں۔