Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل میں امریکی اور روسی مندوبین میں جھڑپ

اقوام متحدہ.... شام کے شہر غوطہ میں مبینہ کیمیائی حملے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی اور روسی مندوبین کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔ اس حملے میں درجنوں افراد ہلاک وزخمی ہو گئے تھے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران روسی مندوب نے دیگر ارکان کو بتایا کہ کیمیائی حملہ اصل میںایک ڈرامہ تھا اوراس کے جواب میں امریکی فوجی کارروائی کے نتائج سنگین ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ چینلز کے ذریعے یہ پیغام پہنچادیا گیا ہے کہ کسی بھی بہانے سے شام میں امریکی فوجی کارروائی کے نتائج سنگین ہوں گے۔ اس علاقے میں شامی حکومت کی درخواست پر روسی فوجی تعینات ہیں۔ امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ سلامتی کونسل کوئی کارروائی کرے یا نہ کرے، امریکا کیمیائی حملے کے ردعمل میں ضرورکارروائی کرے گا۔ ہم اس مرحلے پر پہنچ چکے ہیں کہ دنیا کو دکھادیا جائے کہ انصاف ہوگیا ہے۔ تاریخ اس لمحے کو یاد رکھے گی کہ سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری ادا کی یا وہ شام کے شہریوں کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی تاہم جہاں تک امریکا کا تعلق ہے وہ اس پر کارروائی ضرور کرے گا۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شام میں کیمیائی حملے کے ردعمل میں کارروائی کی دھمکی دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لئے سلامتی کونسل میں متوقع طور پر پیش کی جانے والی قرار داد کو ویٹو کئے جانے کا قوی امکان ہے۔
 
 

شیئر: