Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد صلاح نے لیور پول کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

 اولڈ ٹریفورڈ:مصری فٹبالر محمد صلاح نے اپنے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انگلش کلب لیور پول کو چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں لیور پول نے مانچسٹر سٹی کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پر1-2سے کامیابی کے بعد1-5کی مجموعی برتری سے سیمی فائنل کوالیفائی کیا ۔ پہلے مرحلے کے میچ میں مانچسٹر سٹی کو 0-3سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دوسری ناکامی کے نتیجے میں لیگ میں اس کا سفر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔مانچسٹر سٹی کے نوجوان کھلاڑی گیبریئل جیسس دوسرے ہی منٹ میں گول کردیا اور یہ برتری پہلے ہاف کے بعد دوسرے ہاف میں بھی 11منٹ تک برقرار رہی حتیٰ کہ محمد صلاح نے گول کرکے میچ برابر کردیا ۔ان فٹ ہونے کی وجہ سے صلاح لیور پول کی جانب سے انگلش پریمیئر لیگ کا گزشتہ میچ نہیں کھیل سکے تھے اور ایورٹن کے خلاف میچ بغیر گول کے برابر رہا تھا ۔ مانچسٹر سٹی کے خلاف بھی وہ اپنے رنگ میں نظر نہیں آئے تاہم موقع ملتے ہی انہوں نے میچ کا اہم ترین گول کرکے اپنی موجودگی کا ثبوت دے دیا ۔لیور پول کے روبرٹو فرمینو نے دوسرا گول کرکے سیمی فائنل تک رسائی پر مہر ثبت کردی۔مانچسٹر سٹی کے لئے مزید 5گول کرنا ہی اسے سیمی فائنل میں پہنچا سکتا تھا جو کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا تھا اور یہ میچ ایک مرتبہ پھر لیور پول کے نام رہا اور اسے سیمی فائنل تک رسائی کا اعزاز بھی مل گیا ۔ پریمیئر لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم مانچسٹر سٹی کو اب اس سیزن میں صرف پریمیئر لیگ ٹرافی پر ہی اکتفا کرنا ہوگا۔ 

شیئر: