محمد صلاح کا ایک اور گول، لیور پول نے مانچسٹر سٹی کو اپ سیٹ کردیا
لیورپول:یورپ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنلز کے پہلے مرحلے کے میچوں کا سلسلہ جاری ہے۔لیور پول نے پریمیئر لیگ کی سب سے مضبوط اور صف اول کی ٹیم مانچسٹر سٹی کو 0-3سے شکست دے کا اپ سیٹ کردیا۔ لیور پول کی جانب سے مصری کھلاڑی محمد صلاح نے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور کوارٹر فائنل مرحلے کے ابتدائی میچ میں بھی ایک گول کرنے میں کامیاب رہے ،سیزن میں ان کے گول کی تعداد 38ہو چکی ہے۔ ہوم گراونڈ پر ہونے والے میچ میں لیور پول نے غیر متوقع طور پر مانچسٹر سٹی کو آوٹ کلاس کردیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع بھی پوری نہ ہو سکی۔ مہمان ٹیم کو فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا تاہم میزبان نے تمام اندازے غلط ثابت کر دیئے۔۔محمد صلاح نے میچ کے 12ویںمنٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جب ساتھی کھلاڑی روبرٹو فرمینو کی شاٹ سٹی کے گول کیپر نے روک تو ٰلیا لیکن گیند کو قابو نہ کر سکے۔ گول پوسٹ کے سامنے موجود محمد صلاح نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور گیند کو جال میں پھینک دیا ۔8منٹ بعد ایلکس آکسلیڈ نے دوسرا گول کرکے برتری دگنی کردی جبکہ سعدیو ما اسکور 0-3کرنے میں اس وقت کامیاب ہو گئے جب محمد صلاح کا کراس انہیں گول کے سامنے ملا اور انہوں نے اسے ہیڈ کرکے اپنا نام بھی اسکورر ز میں لکھوا لیا۔میچ کے پہلے ہاف میں3گول ہوجانے کے بعد دوسرا ہاف اسکور کے حوالے سے خالی رہا اور مانچسٹر سٹی کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔مانچسٹر سٹی کو کوارٹر فائنل تک رسائی کےلئے اب ہوم گراونڈ پر ہونے والے جوابی میچ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔