کولیسٹرول پر قابو پانا ضروری ہے
جمعرات 12 اپریل 2018 3:00
جسم کو صحتمند طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے کولیسٹرول کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اگر خون میں اس کی مقدار حد سے تجاوز کر جائے تو یہی کولیسٹرول بہت سے مسائل پیدا کر سکتا ہے ۔ ہائی کولیسٹرول کے باعث شریانیں سخت ہوجاتی ہیں اور یہ شریانوں کی اندرونی دیواروں سے چپک کر خون کی گزر گاہ کو تنگ کردیتا ہے جس کے باعث جسم کے مختلف حصوں کو مناسب مقدار میں خون کی فراہمی ممکن نہیں رہتی ۔ ان مسائل کا بر وقت علاج نہ کروانا دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک کا سبب بن سکتا ہے ۔ کولیسٹرول لیول کو کنٹرول کرنے کے لئے بہت سے عوامل پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ طرز زندگی میں تبدیلی لا کر ہائی کولیسٹرول کے مسائل سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے مثلاً صحت مند غذا کا استعمال ، باقاعدہ ورزش کرنا ، سگریٹ نوشی سے اجتناب اور موٹاپے کو کنٹرول کرکے دل کے امراض سے بچا جاسکتا ہے ۔ خون میں اگر کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہو جائے تو قدرتی طور پر ایسی بہت سی چیزیں موجود ہیں جو جسم پر مفید اثرات ڈالتی ہیں ۔ جیسا کہ پولیکو سانول قدرتی طور پر دستیاب ہونے والا ایک مادہ ہے جو گنا ، چاول کی پھوک اور شہد کی مکھی کے چھتے میں موجود موم سے حاصل کیا جاتا ہے ۔ یہ خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرکے بہتر کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتا ہے ۔ اس کے علاوہ رس دار پھلوں مثلا کینو ، مسمی اور چکوترے وغیرہ میں بائیوفلیوویونئیڈ پایا جاتا ہے جو جسم میں کولیسٹرول کی مقدار کو نارمل رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔ فائٹو سٹیرولز نامی ایک اور مادہ جو کہ پودوں سے حاصل ہوتا ہے معدے اور آنتوں میں کولیسٹرول کے انجذاب کے عمل کو کم کر دیتا ہے ۔
ان اجزاء کے استعمال کے علاوہ کولیسٹرول گھٹانے کے لیے اپنے وزن اور عمر کے مطابق ایک غذائی چارٹ مرتب کریں جس میں تمام غذائیت بخش اجزا موجود ہوںں . بعض ماہرین کولیسٹرول گھٹانے کے لئے روزانہ صبح ناشتے کے ساتھ دو ٹماٹر کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ اس سے قبل بستر سے اٹھنے کے فورا بعد ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ خالص شہد اور لیموں کے چند قطرے شامل کرکے پینے سے بھی کولسٹرول کی سطح میں کمی واقع ہوتی ہے.