غیر قانونی ٹیلی فون لائن بچھانے پر برطرف ملازم سے 284ہزار ریال بل کا مطالبہ
جمعرات 12 اپریل 2018 3:00
مکہ مکرمہ- - - مکہ مکرمہ ریجن میں ایک مواصلاتی کمپنی نے غیر قانونی طریقے سے ٹیلی فون لائن بچھانے اور اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے برطرف ملازم سے 284ہزار ریال بل کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الجموم جنرل کورٹ مقدمے کی سماعت کر رہی ہے۔ چند بر س قبل برطرف سعودی ملازم کیئر سنٹر میں ملازم تھا اس کے خلاف محکمہ جاتی فیصلہ صادر ہوا تھا اس کی ملازمت کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا تھا اور طے کیا گیا تھا کہ اسے نہایہ الخدمہ بھی نہیں دیا جائے گا۔ برطرف ملازم کے خلاف کمپنی کا الزام تھا کہ اس نے غیر قانونی طریقے سے ٹیلی فون لائنیں بچھا کر صارفین کو اپنے اعزاہ و احباب سے رابطے کرائے۔ برطرف ملازم کا دعویٰ ہے کہ اسے بے جا طریقے سے ملازمت سے نکالا گیا ہے۔ اس کی عمر 56برس ہے۔ غیر قانونی لائنیں بچھانے اور فون کرانے کے الزامات من گھڑت ہیں۔ سبق ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ملازم مذکور الجموم کمشنری کے قریہ میں سکونت پذیر ہے۔ اس کے ہمراہ اس کی بیوی اور 4بیٹے انتہائی مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ مواصلاتی بورڈ کے ترجمان عادل ابو حمید کا کہنا ہے کہ ہمارا اس ملازم کے مسئلہ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ کمپنی کا اندرونی معاملہ ہے ۔ بورڈ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔