بھاپ انجن ریل سے سفر کا لطف اٹھائیں
نئی دہلی۔۔۔۔۔انڈین ریلوے امسال یوم آزادی 15اگست سے ہریانہ میں ریواری سے گڑھی ہر سرو کے درمیان بھاپ کے انجن سے چلنے والی ریل گاڑی کی باقاعدہ شروعات کردیگی۔ریلوے بورڈ کے صدر اشونی لوہانی نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بھاپ سے چلنے والی63ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔1947 میں برطانوی ریلوے سے ہندوستانی ریلوے کو منتقل ہونے والے پہلے انجن ’’آزاد‘‘کو ریواڑی سے گڑھی ہر سرو تک چلایا جائیگا جبکہ چنئی میں دوسرے سب سے قدیم بھاپ انجن کو جنوبی ریلوے کے روٹ پروراثتی ریل کے نام سے چلایا جائیگا۔شملہ ، دارجلنگ اور ہمالیائی علاقے میں بھاپ کے انجن سے ریل چلائی جائیگی۔واضح ہو کہ ’’ڈبلیو پی 7200آزاد ‘‘اپنے وقت کے سب سے طاقتور انجنوں میں سے ایک ہے ۔اس سے میل ایکسپریس ٹرینیں چلائی جاتی تھیں۔حکام کے مطابق ریلوے میوزیم میں 50سال سے رکھے ہوئے 11بھاپ انجنوں کی اصلاح و مرمت کے بعد چلنے کے قابل بنایاگیا ہے۔ یہ سیاحوں کیلئے دلچسپی کا باعث بنے گا ۔ انہیں سیاحتی مقامات پر استعمال کیا جائیگا۔