مشرف دور میں4ہزار پاکستانی غیرملکیوں کے حوالے؟
اسلام آباد.. لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ اور چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک دشمن ایجنسیز لاپتہ افراد کے معاملے میں ملوث رہی ہیں ۔ یہ لوگوں کو اٹھا کر آئی ایس آئی اور ایم آئی پر الزام لگانا چاہتی ہیں۔۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں جسٹس جاوید اقبال نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرف دور میں 4 ہزار پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے حوالے کیا گیا۔سابق صدر پرویز مشرف نے پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ پوچھنا چاہیے تھا کہ کس قانون کے تحت پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے حوالے کیا گیا لیکن پارلیمان میں آواز نہیں اٹھائی گئی۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ایک پاکستانی کو کسی غیر ملک کے حوالے کیسے کیا جاسکتا ہے۔ ملک میں پارلیمان، آئین، عدالتیں ہونے کے باوجود کیسے کسی پاکستانی کو دوسرے ملک کو دیا گیا۔خفیہ طریقے سے انہیں غیر ملکیوں کے حوالے کیا گیا ۔اس کے عوض ڈالر لئے گئے ۔ اجلاس میں غیر ملکی این جی اوز کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔۔جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ این جی اوز ملک کی بجائے غیر ملکیوں کے مفاد میں کام کر رہی ہیں۔ غیر ملکیوں سے بھی فنڈنگ مل رہی ہے۔ میرے اختیار میں ہوتا تو این جی اوز پر پابندی عائد کر چکا ہوتا ۔ این جی اوز پر پابندی کے معاملے پر سیاسی مصلحت آڑے آجاتی ہے۔