دفاعی بجٹ اور تنخواہوں میں اضافہ ہوگا،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد... مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے مالی نظم و ضبط پر عمل کر رہی ہے۔حکومت نادرا کے ذریعے ڈیٹا حاصل کر کے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لائیگی۔ یکم جولائی کے بعد پراپرٹی خریدنے کے لئے ٹیکس رجسٹریشن لازم ہوگی ۔اس سے معیشت کو ریکارڈ پر لانے میں مدد ملے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بعض سیاسی مخالفین اس پر معترض ہیں۔پاکستان سرمایہ کاری کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے پاکستان میں کی جانے والی براہ راست سرمایہ کاری مزید بڑھے گی۔پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا۔ حکومت امن و امان کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ پر قابو پانے کے لئے حکومت جامع اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں دفاعی بجٹ میں معمول کے مطابق اضافہ ہوگا۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لئے بہتر اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی آمدنی گزشتہ4 سال کے دوران 1900 ارب روپے سے 4000 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ عوام کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔