Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القدس سربراہ کانفرنس سے امت کیلئے خیر کے دروازے کھلیں گے، اشرفی

ریاض.... پاکستان علماءکونسل اور وفاق المساجد کے سربراہ حافظ محمد طاہر اشرفی نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکومت امت مسلمہ اور عربوں کے مسائل حل کرنے کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ فلسطینی عوام کی تائید و حمایت اور القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے والے امریکی فیصلے کی مخالفت بڑھ چڑھ کر کررہی ہے۔ القدس سربراہ کانفرنس کے موقع پر پوری امت کا مشترکہ مضبوط موقف امت مسلمہ کیلئے خیر کے دروازے کھول دے گا۔ انہوں نے پیر کو فیصل آباد کی جامعہ عثمانیہ میں خطاب کیا ، اس کا عنوان تھا " 29 ویں عرب سربراہ کانفرنس کے دور رس نتائج کیا ہونگے" اس موقع پر پاکستان کے منتخب علماءموجود تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امت کے مسائل کا حل اتحاد ، انتہاءپسندی و دہشت گردی کے خاتمے ، فرقہ وارانہ نعروں کی بیخ کنی اور اس قسم کے جارحانہ تصرفات کرنے والوں کے ساتھ عدم رواداری میں مضمر ہے۔ پاکستانی علماءنے عرب سربراہ کانفرنس سے خادم حرمین شریفین کے خطاب اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خارجی دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کی بدولت امت کی آرزوئیں پوری ہونگی۔ شام عراق اور یمن میں امت کے مسائل حل ہونگے۔ مذکورہ ملکوں میں ایران کی مداخلت کو لگام لگے گی۔ پاکستانی علماءنے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کو ہر طرح کا نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں ناکام ہوجانے کے بعد ہی مخالفانہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ پاکستانی علماءنے سعودی عرب کی بھرپور تائید کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 
 

شیئر: