ریاض.... سعودی وزیر مواصلات انجینیئر عبداللہ السواحہ نے خوشخبری سنائی ہے کہ انٹرنیٹ کو تعلیم، صحت اور آن لائن خدمات کا محور بنا دیا جائے گا۔ وہ پیر کو ایوان میں ارکان شوریٰ کے سامنے وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پالیسی بیان کرکے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت صدر شوریٰ شیخ ڈاکٹر عبداللہ الشیخ نے کی۔ انہوں نے وزیر مواصلات کو ایوان میں خوش آمدید کہا ۔ معاون صدر شوریٰ ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے بتایا کہ ارکان شوریٰ کو وزیر مواصلات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن شعبہ کے اسٹراٹیجک رجحانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے 2017ءکے دوران وزارت کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کا شعبہ سعودی ویژن 2030 کی تکمیل میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ان کی وزارت خوشحال معیشت آگے کی طرف دیکھنے والے وطن اور زندہ معاشرے کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیبات اور وسائل مقرر کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونیکیشن بورڈ کا کردار صارفین اور سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ اور مبنی بر انصاف مسابقت کو منظم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت نئی حکمت عملی کے تحت لاسلکی نیٹ ورک کو نئے طرز کے نیٹ ورک میں تبدیل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے ڈھانچے کی تشکیل 2020 ءکی اسکیم میں شامل ہے۔