بدھ 18اپریل کو مملکت سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
مکمل ایک ماہ تک 24ممالک کی گلف شیلڈ 1کی مشقوں نے پوری دنیا کو مضبوط پیغام دیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مشقوں میں شریک ممالک کے قائدین و مہمان اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔ شاہ سلمان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ 24ممالک کی افواج کا یہاں اجتماع سعودی عرب کی میزبانی میں فوجی مشقوں کا اہتمام کچھ کر دکھانے کی ہماری صلاحیت کا عملی ثبوت ہے۔
فوجی مشقوں سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی کہ سعودی قیادت برادر دوست ممالک کیساتھ عسکری تعاون اور تال میل کے ذریعے خطے کے امن کے تحفظ اور خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور تیاری کو ضروری سمجھتی ہے۔
گلف شیلڈ کی مشقیں خطے کی سب سے بڑی مشقیں تھیں۔ ممکنہ خطرات فرض کرکے ان سے نمٹنے کی مشقیں کی گئیں۔ شریک ممالک کے یہاں عسکری تیاری کا معیار بلند کیاگیا۔ عسکری و سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ تدابیر پر عمل درآمد کا یقین حاصل کیا گیا۔ عسکری و سیکیورٹی تکمیل باہم، تعاون اور یکجہتی کو فروغ دیاگیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس قسم کی صلاحیت اور تیاری سے سعودی افواج کی خصوصی شناخت پوری دنیا کے سامنے آگئی۔ اس سے ظاہر ہوگیا کہ سعودی افواج اعلیٰ درجے کی حربی صلاحیت کی مالک ہے۔ اس سے یہ بھی پتہ چل گیا کہ وزارت دفاع اپنے اس خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے تحفظ کیلئے مختلف حالات میں کام کرنے کا عزم بھی رکھتی ہے ۔ استعداد بھی حاصل کئے ہوئے ہے اور اس حوالے سے اپنے تجربات میں اضافے کا بھی اہتمام کررہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭