2بچیوں کے قتل کے بعد بیوی کو مارنے کی کوشش کرنیوالا گرفتار
حیدرآباد۔۔۔۔تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کنڈہ گٹو کے جنگل میں ایک وحشی شخص نے اپنی 2بچیوں کو گلا گھونٹ کر موت کی نیند سلا دیا۔اس کے بعد بیوی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی لیکن بیوی شوہر کے حملے سے زندہ بچنے میں کامیاب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آصف آباد سے تعلق رکھنے والا اشوک اپنی بیوی اور 2بچیوں کے ساتھ کنڈہ گٹو آیا تھا جہاں کسی بات پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوگیا۔ اشوک نے طیش میں آکر اپنی دونوں بچیوں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور جھاڑیوں میں پھینک دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیں اور باپ کو گرفتار کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔