Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حب قرآن اور مثالی قرات،بلوچستان کے اسامہ کو اوج ثریا پر لے گئی

 دنیامیں کم عمر پاکستانی قاری کے نام سے مشہورہیں ، امام مسجد نبوی نے انٹرنیٹ پر اسامہ کی تلاوت سنی تو والدین کے ہمراہ مدینہ منورہ مدعو کیا
جدہ ( ارسلان ہاشمی) قرآن کریم سے محبت اور بے مثال قرات نے بلوچستان کے پس ماندہ علاقے کے کم سن حافظ اسامہ بلوچی کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ۔ حافظ اسامہ کی مثالی قرات مسجد نبوی الشریف کے ذمہ داروں تک پہنچی تو انہوں نے اسامہ اور اسکے والدین کو مدینہ منورہ مدعو کر لیا ۔ تفصیلا ت کے مطابق بلوچستان کے پسماندہ علاقے خضدار سے تعلق رکھنے والے حافظ اسامہ ولد مولانا منیر احمد زہری نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقدہ مقابلہ حسن قرات میں پہلی پوزیش حاصل کی ۔ حافظ اسامہ کی قرات اور تجوید اس قدر متاثر کن تھی کہ کوئٹہ کے ڈی سی او حافظ طاہر نے حافظ اسامہ کو ماہ رمضان المبارک میں اپنے آفس میں تراویح پڑھانے کےلئے مقرر کر لیا۔ تراویح یوٹیوب پر براہ راست ”ایاک نعبد و ایاک نستعین“کے عنوان سے نشر کی جاتی تھی ۔ حافظ اسامہ کی تلاوت اور انداز کو دیکھ کر امام مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم، شیخ عبدالمحسن القاسم اتنے متاثر ہوئے کہ انہو ںنے حافظ اسامہ سے ملاقات کےلئے والدین کے ہمراہ عمرہ ویزہ کا بندوبست کیا۔ حافظ اسامہ امام مسجد نبوی الشریف کے مہمانِ خاص کے طور پر اپنے والدین کے ساتھ مملکت پہنچے ۔ مسجد نبوی الشریف کے شعبہ ترجمہ کے سربراہ نے بھی اسامہ سے ملاقات کی اور تلاوت سن کر ہدیہ کے طور پر روضہ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے اندربچھایا جانے والا مصلیٰ عطا کیا ۔ اسامہ کے والد بھی حافظ قرآن ہیں۔ وہ بھی ان دنوں مدینہ منورہ میں امام مسجد نبوی شریف کے مہمان کے طور پر موجود ہیں ۔ واضح رہے انٹرنیٹ پر اسامہ کم عمر پاکستانی قاری کے نام سے مشہور ہےں ۔ دعا ہے کہ رب کریم حافظ اسامہ کی حفاظت اور عزت وتوقیر میں مزید اضافہ فرمائے،آمین ۔ 

شیئر: