Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

5 ریال میں پریشرککر کے اشتہار نے ہنگامی صورتحال پیدا کر دی

الباحہ .... 5 ریال میں پریشر ککر کا اشتہار دیکھ کر عوام کا سمندر ابل آیا ۔ نئی کھلنے والی دکان پر لوگوں کے بے تہاشہ ہجوم کے سبب پولیس کو حرکت میں آنا پڑ گیا ۔ سبق نیوز کی تفصیلات کے مطابق الباحہ ریجن میں برتنوں کی نئی کھلنے والی دکان کا اشتہار اسنیپ چیٹ پر دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد افتتاح والے دن دکان پر پہنچی جس کے سبب سڑک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی اور شاہراہ بلاک ہو گئی ۔ ٹریفک ازدحام کی اطلاع ملنے پر محکمہ ٹریفک کی مدد طلب کرنا پڑی ۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد شاہراہ کو کھلوایا اور لوگوں کو منتشر کیا۔ شہری دفاع کو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کےلئے طلب کیا گیا جس نے لوگوں کو ہٹانے کےلئے اہم کردار ادا کیا ۔ دکان کے باہر بھگدڑ سے 3 خواتین بے ہوش ہو گئیں جنہیں ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے موقعے ہر طبی امداد فراہم کی ۔ سبق نیوز کا کہنا تھا کہ برتنوں کی نئی دکان کے مالکان نے افتتاح کے حوالے سے اسنیپ چیٹ پر اشتہار جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ " افتتاح کے موقع پر پریشر ککر صرف 5 ریال میں حاصل کریں " ۔ اشتہار دیکھ کر الباحہ شہرہی سے نہیں بلکہ قرب و جوار سے بھی بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے جس کی وجہ سے شاہراہ عام مکمل طور ر بند ہو گئی ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دکان مالکان کو اشتہار دیتے ہوئے اس بات کا بندوبست کرنا چاہئے کہ رش ہونے کی صورت میں کس طرح کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔ دکاندار نے اشتہار تو جاری کر دیا مگر کسی قسم کی کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئی جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔ 
 

شیئر: