مومنہ مستحسن نے بھی شکایت کردی
میشا شفیع کے بعدپاکستان کی معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی ہراسانی کی شکایت کردی ہے ۔ انہوںنے انسٹاگرام پر اپنی آپ بیتی بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہراسانی کا معاملہ صرف علی ظفر تک محدود نہیں۔ یہ مجموعی طور پر مردوں سے متعلق ہے جو عورتوں کے ساتھ تعلق میں اعتماد کو اہمیت نہیں دیتے۔مومنہ نے کہا اکثر اوقات خواتین کی ہتک وہی لوگ کرتے ہیں جو ان کو کسی نہ کسی طور جانتے ہیں۔ اس معاملے میں ملوث ہرمرد کو کھلم کھلا معافی مانگنی چاہئے۔مومنہ نے کہا کہ میشا نے یہ سب کہنے میں اتنا وقت اس لئے لگایا کیونکہ متاثرہ شخص کوہی معاشرے میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس پر معاشرے کی جانب سے چپ رہنے کا دباﺅ بھی ہوتا ہے ۔کچھ لوگ فورا ًہی لڑکی کے کردار پر سوال اٹھادیتے ہیں اور انہیں عدالت میں لے جاکر تضحیک کانشانہ بناتے ہیں۔ اور یہ بات سب جانتے ہیں کہ عدالت میں ہراسانی کو ثابت کرنا ناممکن ہے لہٰذا کچھ خواتین کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوتا کہ کیس سے پیچھے ہٹ جائیں کیونکہ اس کا اثر ان کے گھروالوں اور آنےوالی زندگی پر پڑتا ہے۔