برطانیہ: مرض کی غلط تشخیص اور لاپروائی پر ڈاکٹر کو معطل کردیا گیا
ٹپٹن، ڈیڈلے.....مقامی اسپتال کے ایک ڈاکٹر کو اس بنا ء پر معطل کردیا گیا ہے کہ اس کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے ایک مریضہ کی موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 6بچوں کی ماں 33سالہ خاتون پیر میں تکلیف کے بعد اسپتال گئی تھی جہاں ڈاکٹروں نے سرسری طور پر اسکا معائنہ کیا او راسے معمولی قسم کی مسکن دوائیوں دیکر گھر واپس بھیج دیا او رکہا کہ وہ چلنے پھرنے کیلئے چھڑی کا استعمال کرے۔ بیچاری خاتون بھی ڈاکٹر پر بھروسہ کرکے گھر چلی آئی مگر درد بڑھتا گیا اور چند دنوں بعد ہی اسکے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا اور اسکی موت واقع ہوگئی۔ اسپتال نے ڈاکٹر کو مریضہ کے شوہر کی شکایت پر معطل کردیا ہے اور اسکے خلاف مزید کارروائی کا امکان ہے۔ مرنے والی خاتون کے شوہر نے انتظامیہ کو بتایا کہ کس طرح ڈاکٹر نے اس کی بیوی کے مرض کو پہچاننے کے بجائے اور اسے کوئی حقیقی مشورہ دینے کے بجائے ٹالنے کا کام کیا۔ مرنے والی خاتون کا نام نتالی بلنگھم بتایا جاتا ہے۔ اسپتال سے وا پس آنے کے بعد اس کا درد بڑھ گیا اور اسکے جسم میں ابھر آنے والے بعض زخموں میں اس قدر پیپ بھر گیا تھا کہ زہر پورے جسم میں پھیل گیا اور رفتہ فتہ اسکے تمام اعضا ء بیکار ہوگئے صرف دل کام کررہا تھا۔ ڈاکٹر پر الزام ہے کہ وہ مریضہ کی حالت سمجھنے میں بری طرح ناکام رہا۔ اب عین ممکن ہے کہ اسکی ڈگری کی بھی چھان بین ہو کہ واقعی ڈاکٹری کا امتحان پاس کرچکا تھا یا ڈاکٹربن کر یہا ں کام کررہا تھا۔