اچھے امتحانی نتائج کے حصول کیلئے بچوں کی صحت اور خوشی داؤ پر لگادی گئی
لندن .... آج کے دور میں مسابقت ایک ایسی تلخ حقیقت بن گئی ہے کہ اسکے اندر مضمر چند مفید باتوں کے علاوہ اور کچھ بھی ایسی چیز نہیں جس سے زندگی سنور سکے۔ والدین شاید خود اپنے بچوں پر توجہ نہ دیں۔ انکی پڑھائی اور تربیت کا خیال نہ رکھیں تو انہیں کوئی فکرنہیں ہوتی مگر وہ پھر بھی یہی چاہتے ہیں کہ انکا بیٹا امتحان میں اچھے نتائج سامنے لائے اور اسکے نمبر دوسرے ساتھیوں کے مقابلے میں زیادہ ہوں۔ اس کے لئے وہ اپنے بچوں پر طرح طرح سے دباؤ ڈالتے ہیں۔ نت نئی ترغیبات کی طرف مائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بچے اپنی قدرتی صلاحیتو ں کو بھی پوری طرح سے بروئے کار نہیں لاپاتے اور پھر جب صورتحال انکے اعصاب پر اثر انداز ہونے لگتی ہے تو انکی صحت بھی بگڑ جاتی ہے او روہ خوشیاں جن سے بچپن عبارت ہوتا ہے ان سے چھن جاتی ہے۔ جب وہ بڑے ہوتے ہیں تو ایک انتہائی خشک مزاج جوان کے طور پر معاشرے میں آتے ہیں اور نہ معاشرہ ان میں دلچسپی لیتا ہے اور نہ ہی ان کا دل معاشرے میں لگتا ہے۔