گریٹ بیر ئیرریف کے پاس ایک کچھوا وڈیو گرافر کو دیکھ کر پوز دینے لگا
لیڈی ایلیٹ آئی لینڈ، گریٹ بیریئر ریف...... گریٹ بیریئر ریف کے جزیرے لیڈی ایلیٹ آئی لینڈ کے قریب ایک فوٹو گرافر نے شریر کچھوے کی شاندار تصویر اتار لی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مارک فز نامی فوٹو گرافر پانی میں تیر رہا تھا اور وہ کچھوے کی وڈیو تیار کررہا تھا کہ اچانک فوٹو گرافر نے آس پاس کے دیگر مناظر کو عکس بند کرنا شروع کیا اور یہی وجہ تھی کہ کچھوے کو غصہ آیا اور شرارت بھی سوجھی چنانچہ فوری طور پر وہ پانی سے نکل کر قریب پڑے ہوئے پتھر پر سینہ تان کر کھڑا ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ شاید کچھوے کو اب پوز دینے کی بھی سوجھی ہو اور یہ دکھانا بھی چاہتا ہو کہ وہ معمولی کچھوا نہیں۔ مضحکہ خیز تصویر میں نظر آنے والے کچھوے کا نام ٹیری بتایا جاتا ہے۔ جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہ کوئنس لینڈ کے ساحلی علاقے کے قریب ہے۔ جہاں سے گریٹ بیریئر ریف زیادہ دور نہیں۔ کچھوے کے غصے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ عام آدمیوں کی طرح اسی طرح غصے میں انگلیاں بھی دکھا رہا تھا جیسے بہت سے لوگ برہم ہوکر دکھاتے ہیں۔ موقع کی تصویر میڈیا پر جاری ہوتے ہی ایک ہزار سے زیادہ افراد نے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔تصویر دیکھ کر ایک شخص کا کہناتھا کہ اسے تصویر دیکھ کر ایسا لگاکہ یہ کچھوا شاید فوٹو گرافر کی طرف سے نظر انداز کئے جانے کا برا منا بیٹھا تھا۔ واضح ہو کہ مارک فز سیر و سیاحت کے حوالے سے تصاویر اتارنے میں مشہور ہیں اور علاقے کے اکثر افراد ان سے اپنی تصویریں بھی اترواتے ہیں اور انکی اتاری ہوئی دیگر تصاویر بھی خرید لیتے ہیں ۔ لیڈی ایلیٹ آئی لینڈ، گریٹ بیریئر ریف کی جنوبی پٹی میں واقع ہے اور یہ پورا علاقہ اپنی شاندار میرین ڈائیو کے لئے مقبول ہے۔