یوگی کی چوپال میں حکومت مخالف نعرے
لکھنؤ۔۔۔۔۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ گزشتہ روز پرتاپ گڑھ ضلع کے کندھئی گاؤں کےلوگوں کے مسائل معلوم کرنے کیلئے ’’راتری(رات کی) چوپال‘‘لگانے پہنچے۔ صورت حال اس وقت گمبھیر ہوگئی جب انہی کے سامنےگاؤں والوں نے حکومت مخالف نعرےلگا نے شروع کردیئے۔راتری چوپال کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد لوگوں سے پوچھا کہ کیا گاؤں کے ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر ہوئے ہیں، تو ایک آواز میں سبھی گاؤں کےلوگوں نے کہا ’’نہیں‘‘۔ اس کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے ’’پردھان منتری آواس یوجنا ‘‘ پر سوال کیا کہ کیا سبھی کو گھر بنانے کیلئے امداد ملی؟ تو اس سوال کے جواب میں بھی زیادہ تر لوگوں نے کہا کہ انہیں اس اسکیم کاکوئی فائدہ نہیں ملا۔ اسی طرح وزیر اعلی نےحکومت کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے سوالات کئےلیکن زیادہ تر لوگوں نے نفی میں جواب دیا ۔ عوام کا یہ حال دیکھ کر یوگی نے موقع پر ہی اپنے افسران کو ڈانٹ پلائی اورانہیں جلد از جلد لوگوں کو منصوبوں کا فائدہ پہنچانے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ہنگامہ اور نعرے بازی کر رہے لوگوں کو منصوبوں سے آگاہ کیا اوران سے فائدہ اٹھانے کیلئےمتعلقہ افسران سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
عوام سےاظہار ہمدردی اور بھائی چارے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ دورے کے دوران ایک دلت کے گھر گئے اور وہاں رات کا کھانا بھی کھایا۔