وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی اقامے پر نااہل قرار
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
اسلام آباد... خواجہ آصف نااہلی کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو بھی اقامے پرتاحیات نااہل قرار دے دیا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا۔ وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھاکہ وزیر خارجہ دبئی کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہیں۔کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرتے ہوئے ملازمت ظاہر نہیں کی ۔غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے۔ دوران سماعت خواجہ آصف کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ خواجہ آصف دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر کام کرتے تھے۔خواجہ آصف نے دبئی کی کمپنی کا خط بھی عدالت میں پیش کیا تھا۔