سعودی عرب 15برس میں کثرت سے بارش اور برفباری والا ملک بن جائیگا، الجہنی
ریاض ..... سعودی ماہر موسمیات زیاد الجہنی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب 15برس کے اندر کثرت سے بارش اور برفباری والا ملک بن جائیگا۔ یورپی ممالک خشک سالی کا شکار ہونگے۔ انہوں نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو میں کہا کہ موسمی حالات ایک علاقے سے دوسرے علاقے اور ایک دور سے دوسرے دور کے تناظر میں مختلف ہوتے ہیں۔ انہوں نے مملکت میں سر ابھارنے والی موسمی تبدیلیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جزیرہ نما عرب میں موسمی تبدیلیاں آرہی ہیں۔ یہاں کثرت سے طوفانی آندھیوں کا سلسلہ آئیگا۔ ماہرین موسمیات 2020ءمیں خطرناک بین الاقوامی موسمی المیہ کے خدشات ظاہر کررہے ہیں۔سعودی ماہرین موسمیات اور یورپی وامریکی ماہرین کے نقطہ ہائے نظر مختلف نظرآرہے ہیں۔توقعات یہ ہیں کہ آئندہ برسوں کے دوران مہلک گرمی کی لہر آئیگی اور سمندر کے پانی کا تناسب بڑھنے پر اجتماعی نقل مکانی ہوگی۔ دنیابھر کے لوگوں کو خطرناک موسمی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں کرنا پڑیں گی۔ الجہنی نے کہا کہ مکمل موسمی تبدیلی کی حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ سال رمضان کے روزے موسم بہار میں آئیں گے۔ راتیں ٹھنڈی اور دن معتدل رہیں گے۔