کولکتہ نائٹ رائیڈرزبڑے اسکور کے سامنے ڈھے گئی
دہلی : شرییاس ایر نے دہلی ڈیرڈیولز کی قیادت سنبھالنے کے بعد ٹیم کو نہ صرف آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکو ر 219کرنے میں مدد دی بلکہ دوسری بڑی کامیابی دلائی اور خود مین آف دی میچ بن گئے ۔ یہ اس سیزن میں دہلی کی 7میچوں میں دوسری کامیابی ہے ۔ان کی اپنی اورٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے گوتم گھمبیر کو قیادت سے محروم کرکے شرییاس کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف فیروز شا کوٹلہ گراونڈ پر ہونے والے میچ میں شرییاس نے40گیندوں پر93رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا ہدف تشکیل دینے میں مدد فراہم کی۔ ان کی اننگز میں10چھکے اور3چوکے شامل تھے ۔اوپنر پرتھوی شا اورکولن منرو نے با لترتیب 33اور62رنز کا حصہ ڈالاجبکہ گلین میکسویل27رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔اس طرح دہلی کی ٹیم نے4وکٹوں کے نقصان پر219رنز بنائے جو اس لیگ میں ان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ جوابی بیٹنگ میںکولکتہ کی ٹیم بڑے ہدف کے دباو کا شکار نظر آئی اور 9وکٹوں پر164رنز ہی بنا سکی اور دہلی ڈیر ڈیولز نے 55رنز سے کامیابی حاصل کرکے مسلسل ناکامیوں کے سلسلے کو بھی ختم کردیا۔آندرے رسل44اورشبھمان گلِ37جبکہ سنیل نرائن 26رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ ٹرینٹ بولٹ ،گلین میکسویل،اویش خان اور امیت مشرا نے 2-2وکٹیں حاصل کیں۔