لندن:جرمنی کے مشہور مسلمان فٹبالر مسعود اوزیل نے میچ کے دوران رزق کے احترام کا مظاہرہ کرکے سب کیلئے بہترین مثال قائم کردی۔جرمن فٹبالر مسعود اوزیل نے یہ اقدام یوروپا لیگ میں آرسنل اور ایٹلیٹیکومیڈرڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ میں کیاجس کی ویڈیو دنیا بھر میںوائرل ہوگئی ہے ۔ آرسنل کے مسعود اوزیل جب کارنر کک لگانے والے تھے تماشائی کی جانب سے پھینکا گیا ڈبل روٹی کا ٹکرا انہوں نے زمین سے اٹھایا ، اسے چوما اور ماتھے سے لگانے کے بعدگراونڈ کے باہر جا کر احتراماً رکھ دیا۔غیر مسلم تماشائیوں کو ان کے اس اقدام پر اچنبھا ہوا اور پوچھتے نظر آئے کہ مسعود نے یہ کیا کیا ؟ایک برطانوی اخبار نے میچ کی براہ راست کوریج کے دوران یہ بھی چھاپ دیا تھا کہ مسعود نے اس ڈبل روٹی کا کچھ حصہ کھایا ہے حالانکہ انہوں نے صرف بوسہ دیا تھا۔بعد میں مسلمان تماشائیوں نے وضاحت کی کہ مسعود نے اسلامی تعلیمات کے مطابق یہ عمل کیا ہے کیونکہ دین اسلام میں رزق کی بہت اہمیت ہے اور اس کے ضیاع کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔مسعود کی یہ ویڈیو اب وائرل ہوگئی اور ان کے اس عمل کو انتہائی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ اسلامی تعلیمات پر کاربندمسعود اوزیل میدان میں اترنے سے پہلے ہمیشہ دعا مانگتے ہیں۔وہ ماہ رمضان میں میچ کھیلنے کے دوران بھی روزہ رکھتے ہیں۔2016 ءمیں وہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کرچکے ہیں۔