جدہ ( امین انصاری )- - - - -وہ لوگ دنیا و آخرت میں سرخرو نہیں ہوسکتے جو اپنے دلوں میں بغض و عناد رکھتے ہیں ۔ مومن کا دل پاک و شفاف آئینہ کی مانند ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص مومن نہیں جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا شخص محفوظ نہ رہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید علی محمود نے جی 21 گروپ کے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ آنے والا ہے اس مہینہ میں مسلمان اپنے دلوں کو صاف کرلیںاور آپسی رنجشوں کو دور کرکے اپنے رب کو منالیں ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ مومن ہر حال میں اللہ سے رجو ع ہوتا ہے اور اپنی خیر و بقا مانگتا ہے ۔ بہت سے لوگ وطن عزیز واپس جارہے ہیں ۔ وقتی طور پر کچھ پریشانیاں پہاڑ بن کر ہمارے سامنے آرہی ہیں ۔ مسلمانوں کا ایمان ہے کہ اللہ جہاں ایک دروازہ بند کرتا ہے وہیں کئی دروازے رزق کے کھول دیتا ہے ۔ اعجاز احمد خان نے کہا کہ تلنگانہ کے این آر آئیز حکومت کی مراعات سے استفادہ کریں اور اپنے سینیئرز کی رہنمائی میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کریں ۔ شمیم کوثر نے کہا کہ ہم ایک دوسرے پر الزام تراشیوں سے باز آجائیں اور کسی کے تعلق سے ہنسی مذاق میں بھی غیبت کرنے سے گریز کریں کیونکہ غیبت آپ کے اعمال کھاجاتی ہے ۔ محمود مصری نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اتحاد کو فروغ دیں تاکہ ایک دوسرے سے نہ صرف کچھ سیکھنے کو ملے بلکہ اپنے بزرگوں کی ہدایات کی روشنی میں قوم و ملت کا کام بھی کرسکے ۔اجلاس کی کارروائی مرزا قدرت نواز بیگ نے خوبصورت انداز میں چلائی جبکہ شمیم کوثر نے تلاوت کلام پاک اور عبدالرحمن بیگ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔