محمد صلاح کو روما کلب کا خراج تحسین
روم: اطالوی کلب روما نے سیمی فائنل میں شکست کے باوجود اپنے سابق کھلاڑی اور مصری فٹبالر محمد صلاح کو خراج تحسین پیش کیا۔ لیور پول کے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح انگلش کلب میں ٹرانسفر سے پہلے اطالوی کلب کے لئے کھیلتے رہے ہیں۔میچ کے بعد سوشل میڈیا پر صلاح کی تصویر کے ساتھ پیغام میں اطالوی کلب کا کہنا تھا کہ اگرچہ فائنل میں نہ پہنچنے پر ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں لیکن ہمیں خوشی ہے کہ صلاح وہاں موجود ہوں گے ۔ ان کی شرٹ کا رنگ تو کچھ اور ہوگا لیکن ہم اس پر بھی خوش ہیں۔ ہمارا سابق کھلاڑی چیمیئنز لیگ کا فائنل کھیلے گا۔روما نے فائنل میں صلاح کی جانب سے شاندار کھیل کی امید بھی ظاہر کی۔اطالوی کلب نے صلاح کی جو تصویر پیغام کے ساتھ شیئر کی اس میں مصری کھلاڑی کو جس شرٹ میں ملبوس دکھایا گیا اس میں ایک طرف لیور پول اور دوسری جانب روما کی شرٹ کا رنگ نظر آرہا ہے۔